ناراض نہیں،تمام فیصلے میری مشاورت سے ہوئے،جاوید ہاشمی
ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پارٹی کے تمام فیصلے میری مشاورت سے ہوئے ہیں، فوج کے پاس عمران خان کے جانے کے فیصلے میں میری رائے شامل تھی، میڈیا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں کسی سے ناراض نہیں ہوں، حیران ہوں میری ناراضگی سے متعلق خبریں کیسے چلیں، تمام معاملات اللہ کرے کامیابی سے ہمکنار ہوں، پاکستان اور عوام کے لیے دعا گو ہوں۔
پی ٹی آئی کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے لیے جاتے وقت سینئر پارٹی لیڈر شپ موجود تھی جس نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں خوش تھا کہ یہ مسائل خوب بہائے بغیر کامیابی کی طرف چلے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے بتایا کہ بعض ٹی وی چینلز پر یہ خبر نشر کی گئی کہ جاوید ہاشمی ناراض ہیں اور اس پر تبصروں کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا، میں نے کسی معاملے میں میڈیا کو شامل کیا ہی نہیں تو پھر تبصرے کیے جا رہے ہیں کہ وہ بیمار ہیں، کوئی کہتا ہے سیاست میں آنا چاہیے کوئی کہتا ہے کہ سیاست چھوڑ دینی چاہیے، یہ تمام باتیں قابل افسوس ہے، میڈیا کے افراد کو بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
صحافیوں سے گفتگو میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان بحران کا شکار ہے، معاملات پر گفتگو جاری ہے لوگوں کی جان اور معیشت کو خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنا علاج کروانے کے لیے چین جانا ہے، میں اپنی خوشی سے ملتان آیا ہوں کیونکہ میرا خیال تھا کہ ایک مرحلہ ختم ہو گیا ہے اور میں پارٹی رہنماوں کو مبارک باد دے کر ملتان آگیا تھا۔
جاوید ہاشمی دھرنا چھوڑ گئے
قبل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی فوج کے بطور ثالث کردار ادا کرنے کے معاملے پر پارٹی قیادت سے ناراض ہو کر اسلام آباد سے ملتان روانہ ہوگئے تھے۔
ڈان نیوز ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ مخدوم جاوید ہاشمی اسلام آباد دھرنا چھوڑ کر ملتان روانہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنا اہم اعلان 24 گھنٹے کے لیے مؤخر کرکے آرمی چیف سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے تو مشاورت نہ کرنے کی وجہ سے جاوید ہاشمی نے پی ٹی آئی کے سربراہ سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ لانگ مارچ کے دوران بھی جاوید ہاشمی آزادی مارچ تحریک میں اس وقت بھی عمران خان سے ناراض ہو کر تحریک سے الگ ہو کر اپنے گھر چلے گئے تھے جب چیئرمین تحریک انصاف نے ٹیکنو کریٹس کی حکومت کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی شدید علیل ہونے کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم گزشتہ روز جب عمران خان تنہا آزادی کنٹینر کی چھت پر کھڑے ہو کر خطاب کر رہے تھے تو جاوید ہاشمی ان کو اکیلا دیکھ کو اسپتال سے ڈاکٹر کے منع کرنے کے باوجود دھرنے میں جا پہنچے اور عمران خان کے ساتھ اسٹیج پر کھڑے ہو گئے، اس وقت انہوں نے اعلان کیا تھا کہ میں عمران خان کو اکیلا نہیں دیکھ سکتا۔
تبصرے (2) بند ہیں