جاوید ہاشمی علالت کے باعث ہسپتال منتقل
اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سینیئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کو طبعیت ناساز ہونے کی وجہ سے آج پیر کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال داخل کردیا گیا۔
جاوید ہاشمی کی طبعیت اسلام آباد میں جاری پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران خراب ہوئی، وہاں سے انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔
پمز ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق جاوید ہاشمی کا مکمل طبّی معائنہ کیا جارہا ہے اور ابتدائی ٹیسٹ رپورٹس میں ان کے گلے اور سینے میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔
ترجمان پمز ہسپتال ڈاکٹرعائشہ کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
جاوید ہاشمی نے ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میں ٹھیک ہوں، معمولی سی تکلیف ہے، دوبارہ دھرنے میں جاؤں گا' ۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس موقف پر قائم ہوں کہ کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کروں گا'۔