ریڈ زون کی خلاف ورزی آئین پر حملہ تصوّر ہوگا: احسن اقبال
اسلام آباد: حکومت نے منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسا کوئی بھی اقدام پاکستان کے آئین پر حملہ تصوّر کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین کے تحفّظ کو یقینی بنائے۔ اور انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ زون میں داخل ہونے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور ریاستی ادارے مضبوط ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ملکی ادارے قانون اور آئین کے تحفّظ کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ مظاہرین اپنے ریڈ زون میں داخل نہ ہونے کے وعدے کی خلاف ورزی پر تیار نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے قائدین پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کریں۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت کر کے اپنی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔
بعد میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی، اور پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے بھی پی ٹی آئی اور پی اے ٹی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں حصّہ لیں۔
تبصرے (1) بند ہیں