• KHI: Clear 20°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.2°C
  • KHI: Clear 20°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.2°C

سول اور ملٹری قیادت بلوچستان میں'آزادی مارچ' منا رہی ہے،وزیراعظم

کوئٹہ : وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ زیارت میں سول اور ملٹری قیادت مل کر آزادی مارچ منا رہی ہے۔

وزیر اعظم میاں محمّد نواز شریف نے جمعرات کے روز زیارت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قائد اعظم ریزیڈنسی کا افتتاح کیا اور پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'لوگ کون سے آزادی مارچ کی باتیں کر رہے ہیں، آزادی مارچ تو یہ ہے جو یہاں سول اور ملٹری قیادت ملکر منا رہی ہے'۔

زیارت ریزیڈنسی کے افتتاح کے موقع پر انھوں نے کہا کہ قائداعظم سے وابستہ زیارت کے مقام پر یو م آزادی منانے پر مسرت ہے۔ 'قلیل عرصے میں تعمیر کا کام مکمل ہونا قائد اعظم کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار ہے'۔

انھوں نے کہا کہ زیارت ریزیڈنسی کی بحالی کے جذبے کے تحت پاکستان کی تعمیر نو بھی جلد کی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 'پاکستان کی تعمیر ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد سے ہماری توجہ نہ ہٹائی جائے'۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے مثبت سیاست کی ضرورت ہے اور منفی سیاست سے گریز ہی ملکی مفاد میں ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف، گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزرا، اور سینئر بیوروکریٹس بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ قائد اعظم ریزیڈنسی کو گزشتہ سال جون میں راکٹ حملے سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ راکٹ حملے اورشرپسندوں کی آتش زنی سے ریزیڈنسی کا لکڑی کا بیرونی اسٹرکچر، اور قائد اعظم کے زیر استعمال رہنے والی مختلف اشیا جل کر راکھ ہوگئیں تھیں۔

واقعے کے بعد وفاقی حکومت، کچھ کاروباری حضرات اور دیگر لوگوں نے ریزیڈنسی کی بحالی میں مدد کی پیشکش کی تھی، لیکن وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اعلان کیا تھا کہ بحالی کا پورا کام بلوچستان حکومت اپنے اخراجات سے کرائے گی۔

بلڈنگ کی مکمّل بحالی پر تقریباً 14 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، جبکہ بحالی کا کام 4 ماہ کے عرصے میں مکمّل کیا گیا۔

وزیر اعظم کا دورہ بنوں ملتوی


وزیر اعظم نواز شریف نے آج بنوں کا دورہ کرنا تھا، جہاں انہوں نے شمالی وزیرستان کے آپریشن متاثرین کے ساتھ یوم آزادی منانا تھا۔ لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کا دورہ بنوں ملتوی کر دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025