چہل قدمی موٹاپے سمیت کئی بیماریوں کا علاج
نیویارک : آج کل کی مصروف دنیا میں لوگوں کے پاس اپنی صحت کو برقرار رکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا، وہ ورزش یا دیگر جسمانی سرگرمیوں سے بھی دور ہوجاتے ہیں، حالانکہ صرف پیدل چلنا ہی طبی لحاظ سے جسم کو متعدد امراض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اگر آپ بھی وقت کی کمی کا شکار ہوں تو ان چند مفید نکات پر عمل کرکے آپ دن کا کچھ وقت چلنے کیلئے بھی نکال کر موٹاپے، کولیسٹرول یہاں تک کہ مایوسی وغیرہ سے بھی بچ سکتے ہیں۔
موبائل فون پر بات کریں چلتے پھرتے
فون چاہے آپ کے گھر والوں کا ہو یا کسی دوست وغیرہ، اسے سنتے ہوئے یہاں سے وہاں چہل قدمی کرنا ایک تیر سے دو شکار کے برابر ہے، تاہم اس طرح ایس ایم ایس کی عادت اچھی نہیں۔
سیڑھیوں کا استعمال
دفاتر یا بلند و بالا اپارٹمنٹس میں مقیم افراد لفٹس کی بجائے سیڑھیوں کو ترجیح دیکر یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
پالتو جانوروں کیساتھ واک
یہ کام بچوں پر چھوڑنے کی بجائے خود کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ اس بہانے ہی کچھ وقت چلنے پھرنے کا مل جائے گا۔
چلتے پھرتے میٹنگ
کوشش کریں کہ اپنے دفتری ساتھیوں کیساتھ میٹنگ کانفرنس روم کی بجائے کسی جگہ چلتے پھرتے کرلیں، یہ نہ صرف صحت بلکہ ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے بھی بہترین طریقہ کار ہے۔
خاندان کیساتھ گھومنا پھرنا
رات کو گھر میں کھانے کے بعد ٹی وی کے سامنے اپنے گھروالوں کیساتھ کچھ دیر باہر چہل قدمی کیلئے وقت نکالیں۔
گاڑی دور پارک کریں
دفاتر، شاپنگ سینٹر یا کسی بھی جگہ اپنی گاڑیاں کچھ دور پارک کریں تاکہ آپ کو زیادہ چلنے کا موقع مل سکے۔
مطلوبہ اسٹاپ سے کچھ دیر پہلے اتریں
اگر آپ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں تو ایک اسٹاپ پہلے اتر کر اپنی منزل کا رخ کریں۔
کھانا باہر سے کھائیں
دفاتر میں اپنی میزوں پر کھانے منگوانے کی بجائے خود باہر جاکر کھانے کی کوشش کریں۔