مارچ میں شرکت سے متعلق آج شام کو اعلان کروں گا، جاوید ہاشمی
ملتان: تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ 14 اگست کو آزادی مارچ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں وہ آج شام کو اعلان کریں گے۔
گزشتہ رات ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اپنے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں شام کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت ان کے ایمان کا حصہ ہے، کسی طالع آزما کو 20 کروڑ عوام کے حقوق غضب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کا بھی واحد راستہ جمہوریت ہے اور وہ ہمیشہ مارشل لاء کی مخالفت کریں گے۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ جمہوریت کے لیے سات سال جیل کاٹی ہے اور میرا ایمان صرف جمیوریت کا حصہ ہے۔
تاہم، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ معاملات پر پارٹی کے ساتھ رائے مختلف ہے، لیکن آج بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہوں اور آئندہ بھی اپنی جماعت کے ساتھ رہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بات چیت کا راستہ وہی ہے جو آئین کے ذریعے نکالا جائے اور اس سوا کوئی دوسرا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو کچھ بھی کیا ہے اس کی وجہ سے آج عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے جاوید ہاشمی کے مارچ میں شرکت نہ کرنے کی خبروں کی ترید کی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں