احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے، الطاف حسین
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بدھ کے روز کہا ہے کہ حکمران دھونس دھمکی کے بجائےافہام و تفہیم کا راستہ اختیار کریں جبکہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے۔
الطاف حسین کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب 14 اگست کو عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف 'آزادی مارچ' کرنے جارہی ہے۔
اس حوالے سے بیشتر پاکستانی سیاست دان سرگرم ہے جبکہ آپس میں رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رابطہ کمیٹی اور عوام کے منتخب نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ملک سیاسی ہلچل سے دوچار ہے اس لیے حکمران مسائل کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کریں۔
ان کے مطابق احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے تاہم اسے قانون اور آئین میں رہ کر انجام دیا جائے۔
الطاف حسین نے کہا حکمراں کہ رہے ہیں کہ مارچ اور دھرنوں کی کیا ضرورت ہے جب کہ کل یہی لوگ مارچ کرتے اور دھرنے دیتے تھے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا پارلیمان کا رکن بننا صرف وڈیروں اور جاگیرداروں اور ان کی اولادوں کا ہی حق ہے؟
ایم کیو ایم قائد نے کہا کہ وہ 35 سال سے ملک میں حقیقی جمہوری نظام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
ان کے مطابق لوکل باڈیز سسٹم کا مخالف جمہوریت، عوام اور وطن کا مخالف ہے اور ایم کیو ایم اگر برسر اقتدار آئی تو لوکل باڈیز کا نظام لازمی قرار دے گی۔