• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے: نواز شریف

شائع August 5, 2014
وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو
وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسرائیل کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے اور پاکستان اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔

پیر کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی شہادت پر گہری تشویش ہے اور پاکستان اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کا بنیادی رکن ہے اور او آئی سی کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ملاقات میں غزہ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ مسئلۂ کشمیر، افغانستان کی صورتحال اور سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

وزیراعظم نواز شریف نے سیکریٹری جنرل او آئی سی عیاد امین مدنی کو اس عہدے پر منتخب ہونے کی مبارکباد دی اور انہیں پاکستان کی جانب سے او آئی سی کے ساتھ مسلم اُمّہ سے متعلق تمام اہم معاملات پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے عالمی سطح پر او آئی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے مسلمانوں کو درپیش مسائل سے دنیا بھر کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔

عیاد مدنی نے او آئی سی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے او آئی سی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے مختلف ممالک میں بطور اقلیت مسلمانوں کی حالت زار کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا۔

سیکریٹری جنرل او آئی سی نے اگلے برس اسلام آباد میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے منعقد ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل عیاد امین مدنی چار اگست سے دو روزہ سرکاری دورے کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود ہیں۔

عیاد امین مدنی کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے اوراُن کے ہمراہ دیگر سینیئر افسران بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024