لاہور: لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے
لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔
ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق بدھ کو لاہورکے علاقے باٹا پوراورگردونواح میں بجلی سے محروم شہریوں نے احتجاج کیا۔
مشتعل افراد نے لیسکو آفس پردھاوا بول دیا اورتوڑپھوڑ کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں لیسکو نے انہیں تنگ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور وہ مجبوراً سڑکوں پرآئے ہیں تاکہ انتظامیہ کو سبق سکھا سکیں ۔
واضح رہے کہ لاہورمیں گرڈ اسٹیشنز ہرگھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے بند رکھے جارہےہیں۔
خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے، جس کے باعث محسن وال کے رہائشیوں نےنیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی۔
احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اورلاہور اور ملتان جانے والےمسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اُدھر کراچی میں کے الیکٹرک نے عیدکے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کااعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ ان دنوں ملک میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرچکا ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں بارہ جبکہ دیہات میں سولہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔