• KHI: Partly Cloudy 22.9°C
  • LHR: Clear 16.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.9°C
  • LHR: Clear 16.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.4°C

ڈونگا برازیل کی کوچنگ کے مضبوط امیدوار

شائع July 19, 2014

ریو دی جنیرو: برازیل کے لیے ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان ڈونگا کو قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے شارٹ لسٹ امیدواروں میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈونگا کے نام سے مشہور کارلوس بلیڈرون ویری اس سے قبل بھی 2006 سے 2010 تک ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں جہاں برازیل نے ان کی کوچنگ میں 2007 میں کوپا امریکا اور 2009 میں کنفیڈریشن کپ جیتا تھا۔

جنوبی افریقہ میں ہونے والے 2010 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیلین فٹبال کنفیڈریشن نے انہیں عہدے سے فارغ کردیا تھا۔

ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈونگا کے گلمار رینالڈی کے ساتھ انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں، جنہیں حال ہی میں برازیل کی قومی فٹبال ٹیم کا جنرل منیجر مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈونگا کی زیر قیادت برازیل نے 1994 کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی جبکہ گلمار رینالڈی بھی اس ٹیم کا حصہ تھے۔ برازیلین بورڈ اور پچاس سالہ ڈونگا کے درمیان رواں ہفتے کے آغاز میں بات چیت شروع ہوئی۔

ایک دوسرے ذریعے نے رائٹرز کو بتایا کہ ڈونگا اس فہرست میں مضبوط ترین امیدوار ہیں اور چیزیں انتہائی خوشگوار انداز سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ فلپ اسکولری کی جگہ نئے کوچ کا تقرر اگلے منگل تک متوقع ہے۔

برازیل کو اپنی کوچنگ کی صلاحیتوں کی بدولت 2002 کا ورلڈ جتوانے والے لوئس فلپ اسکولری نے 2014 کے ورلڈ کپ کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا جہاں میزبان نے اپنے آخری دونوں میچوں بدترین شکست کے بعد چوتھے درجے پرایونٹ کا اختتام کیا تھا۔

یاد رہے کہ سیمی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں 7-1 کی شکست کے بعد تیسری پوزیشن کے میچ میں ہالینڈ نے بھی برازیل کو 3-0 سے شکست دی تھی۔

برازیل کے کوچ کی حیثیت سے ڈونگا کا ریکارڈ انتہائی شاندار ہے جہاں برازیل نے 42 فتوحات حاصل کیں، 12 میچ ڈرا کھیلے اور اسے صرف چھ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025