خضدار میں دھماکا، سیکورٹی اہلکار سمیت تین ہلاک
خضدار: پاکستان کے سوزش زدہ صوبے بلوچستان کے علاقے خضدار میں ہفتے کے روز دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق دھماکا خضدار میں جناح روڈ کے مصروف کاروباری مرکز سیرت چوک میں ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد زخمی ہوچکے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس افسر محمد انور نے بتایا کہ دھماکے کا نشانہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی تھی جو بازار میں معمول کے گشت پر تھی۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس کے باعث گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور دھماکے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے جبکہ کسی گروپ نے تاحال اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔