ملک میں امن و امان کی صورتحال حساس ہے، چوہدری نثار
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیرستان آپریشن کی وجہ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال حساس ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چوہدری نثار کی زیر صدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ،ڈی سی او،سی پی او، ایس ایس پی،چیف کمشنر اسلام آباد، قائم مقام آئی جی،ایس ایس پی اور اے آئی جی اسپیشل برانچ شریک ہوئے جس کے دوران جڑواں شہروں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرستان آپریشن کی وجہ سے ملک میں امن و امان کی صورتحال حساس ہے۔
وزیر داخلہ نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔
ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی کو سخت کیا جائے،دونوں شہروں کی پولیس مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پولیس فورس جسمانی تربیت بہتر بنائے، خود کو جدید اسلحے سے لیس کرے،حساس مقامات کی سیکورٹی انتہائی سخت رکھی جائے۔
وزیر داخلہ نے جڑواں شہروں کی پولیس کو ہدایت کی کہ دونوں شہروں کی پولیس مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس، رینجرز کے مشترکہ گشت سے لوگوں میں احساس تحفظ پیدا ہوا۔