جنرل کیانی کے کہنے پر وزیرستان آپریشن پر زور نہیں دیا، گیلانی
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) اشفاق پرویز کیانی کے کہنے پر وزیرستان آپریشن پر زور نہیں دیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل کیانی نے ان سے کہا تھا کہ وزیرستان آپریشن کا معاملہ اُن (جنرل کیانی) پر چھوڑ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو اقتدار سے باہر لانے کے لیے پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیے اور استعفیٰ دینے کی صورت میں مشرف کو باہر جانے کا محفوظ راستہ دینے کا وعدہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے حوالے سے مسلم لیگ ن کو رویہ نامناسب ہے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں مفاہمتی پالیسی پر عمل کیا اور وہ امید کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت بھی ایسا ہی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ فریق نہیں بننا چاہتے۔