اسحاق ڈار کی خورشید شاہ سے ملاقات
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے کے مطابق اسحاق ڈار نے خورشید شاہ سے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اُن کے چیمبر میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات قائد ِ حزب اختلاف کی جانب سے 25 جون کو وزیراعظم کو لکھے جانے والے ایک خط کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
اپنے اس خط میں سید خورشید شاہ نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ جسٹس (ریٹائرڈ ) فخر الدین جی ابراہیم نے الیکشن کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے اکتیس جولائی 2013 کو استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد جسٹس ناصر المک کو قائم مقام چیف الیکشن کمیشن مقرر کیا گیا تھا، لیکن ابھی تک اس معاملے پر اپوزیشن سے مشاورت نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ اٹھارویں ترمیم کی رُو سے حکومت تمام آئینی معاملات پر اپوزیشن سے مشاورت کی پابند ہے۔
خورشید شاہ نے لکھا کہ باقاعدہ چیف الیکشن کمیشن کے تقرر کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے اکثر میڈیا اور سیاسی جماعتیں اُن سے رابطہ کرتی ہیں، لیکن اُن کی لاعلمی سےاچھا تاثر نہیں پڑتا۔
وزیراعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں انھوں نے امید ظاہر کی تھی کہ وزیراعظم سیاسی جماعتوں کے مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے مشاورت کے عمل کا فوری طور پرآغاز کریں گے۔
یاد رہے کہ اس وقت قائم مقام چیف الیکشن کمیشن کے عہدے پر جسٹس انور ظہیر جمالی تعینات ہیں۔