کراچی: صدر بم دھماکے کی ایف آئی آر درج
کراچی: کل جمعہ کے روز صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت حکومت کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور کے فون کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف باغ جناح میں ہونے والا نماز جمعہ کا اجتماع تھا۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تفتیش تیزی سے جاری ہے ۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور کے فون کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ ملزم کے موبائل سے پشاور، نواب شاہ اور کراچی میں مختلف کالز کی گئی تھیں۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب پھٹنے والا بم مزار قائد کے قریب باغ جناح میں ہونے والے اجتماع کو نشانہ بنانے کے لیے لے جایا جارہا تھا۔
مبینہ دہشت گرد کی شناخت قوم پرست جماعت کے کارکن عبدالفتح کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے بعد تفتیش کاروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور ماضی میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی کڑیاں بھی جوڑنا شروع کردی ہیں۔
نماز جمعہ کے اجتماع کا اہتمام کرنے والی مذہبی تنظیم کو قوم پرست جماعت کی جانب سے ماضی میں بھی ہدف بنایا جاتا رہا ہے۔
اس سے قبل ملزمان نے گلشن اقبال کے دو مدارس اور گلشن حدید کی ایک مسجد کو بھی نشانہ بنایا تھا۔