• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں جاری

شائع July 4, 2014
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان۔ —اے ایف پی
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان۔ —اے ایف پی

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جمعرات کو پچھلے بہتر گھنٹوں میں دوسری مرتبہ ناراض وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی ہے۔

ان ملاقاتوں سے نثار اور پاکستان مسلم لیگ- نون کی ہائی کمان کے درمیان اختلافات کی خبروں کو مزید تقویت ملی ہے۔

شہباز شریف نے منگل کو چوہدری نثار سے ان کی راولپنڈی میں رہائش گا ہ پردو گھنٹوں تک ملاقات کی تھی ۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے جمعرات کو چوہدری نثار سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات سے قبل وزیر اعظم کو ٹیلی فون کیا ، جسے دونوں کے درمیان ثالثی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

میڈیا پچھلے کئی ہفتوں سے چوہدری نثار اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مشرف کیس سمیت مختلف معاملات پر اختلافات کی خبریں دے رہا ہے۔

پارٹی کے عہدے دار اور سرکاری حکام مسلسل ان خبروں کی ترید کر رہے ہیں لیکن چوہدری نثار کی جانب سے اب تک کوئی تردید سامنے نہیں آئی۔

منگل کو شہبار شریف اور چوہدری نثار میں ملاقات کے بعد پارٹی قیادت نے دعوی کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ان کی صحت جاننے کے لیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نےوفاقی بجٹ اور تحفظ پاکستان بل کی منظوری جیسے اہم معاملات پر چوہدری نثار کی سینیٹ اور قومی اسمبلی سے مسلسل غیر حاضری کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

چوہدری نثار آخری مرتبہ دس جون کو قومی اسمبلی کے سیشن میں گئے ، جہاں انہوں نے کراچی ائیر پورٹ پر حملے کے بعد پالیسی بیان دیا تھا۔

چودہ جون کو میڈیا نے چوہدری نثار کی راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں انجو گرافی کو رپورٹ کیا لیکن سرکاری سطح پر ان کی صحت سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

بدھ کو قومی اسمبلی سے تحفظ پاکستان قانون کی منظوری کے فوراً بعد بیس کے قریب ارکان اسمبلی نے چوہدری نثار سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

حکمران جماعت کے اندرونی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ وزیر داخلہ سابق فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے معاملے میں حکومت کی ہینڈلنگ اور سیکورٹی پالیسی کے لیے وفاقی بجٹ میں فنڈ مختص نہ کیے جانے پر ناراض ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024