جسٹس انور ظہیر جمالی نے قائم مقام چیف الیکشن کمیشن کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: جسٹس انور ظہیر جمالی نے الیکشن کمیشن کے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کےمطابق جمعرات کو چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے اُن سے حلف لیا۔
جسٹس انور ظہیر جمالی الیکشن کمیشن کے اکتیسویں قائم مقام چیئر مین ہیں۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے قائم مقام چیئرمین جسٹس ناصر الملک کے استعفے کے بعد جسٹس جمالی کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔
جسٹس ناصر الملک پانچ جولائی تک اپنے عہدے کے فرائض سنبھالیں گے اورچھ جولائی کو وہ چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے۔
جسٹس جمالی ایک سال کے دوران الیکشن کمیشن کے تیسرے قائم مقام چیئر مین ہیں۔
تاہم فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے دو چیئرمین سپریم کورٹ کے سینیئر جج تھے، جبکہ جسٹس انور ظہیر جمالی سینیئر نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتیس جولائی کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کے معاملے پر جسٹس (ریٹائرڈ) فخر الدین جی ابراہیم کے استعفیٰ کے بعد چیف الیکشن کمیشن کا عہدہ قائم مقام چیف الیکشن کمیشن سنبھال رہے ہیں۔
جسٹس فخر الدین کے مطابق یہ عمل الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت کے مترادف تھا۔
انہوں نے اس حوالے سے ایک نوٹ بھی تیار کیا تھا، لیکن ان کے ساتھی کمیشن اراکین نے ان کے مؤقف کی تائید کرنے سے انکار کردیا، جس پر جسٹس فخر الدین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں