وزیراعظم سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے
لاہور: وزیر اعظم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن سے ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال پر متعدد سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ اتوار کو رائیونڈ میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کےسینئر رہنما اور بیوروکریٹ بھی شریک تھے۔
ایک ذرائع کے مطابق، اجلاس میں آپریشن ضرب عضب، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مطالبوں اور ماڈل ٹاؤن سانحہ پر ڈاکٹر طاہر القادری کی آل پارٹی کانفرنس پر غور کیا گیا۔
انہوں نے ڈان کو مزید بتایا کہ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ فوجی آپریشن ، بالخصوص لاکھوں آئی ڈی پیز کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو ایک کثیر جماعتی نوعیت کی میٹنگ میں مدعو کیا جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ شرکاء کو بتایا گیا کہ فوجی آپریشن رمضان کی وسط تک مکمل ہونے کا امکان ہے اور آپریشن کے بعد سول اور عسکری قیادت کو ایک صفحے پر رکھنے کے لیے اس طرح کی مشاورتی عمل ضروری ہوتا ہے۔
مشاورت کی وجہ سے سوات جیسی صورتحال کو روکنے میں مدد ملے گی، جب آپریشن کے فوراً بعد سیاسی کشیدگی پیدا ہو گئی تھی ۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ بھی تمام متعلقہ حلقوں کے درمیان ایک وسیع البنیاد ہم آہنگی کے حق میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کثیر الجماعتی مشاورت ممکن نہ ہو سکی تو وزیر اعظم ایک ہفتہ کے اندر اندر پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پی ٹی آئی سربراہ عمران خان سے ملیں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پی ٹی آئی کے احتجاجی تحریک پر بھی بات ہو گی تو انہوں نے کہا 'ظاہر ہے، جب دو لیڈر ملتے ہیں تو تمام معاملے زیر بحث آتے ہیں'۔