حکومت گرانا 'معمولی' کامیابی ہے، طاہر القادری
لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے جمعے کے روز کہا ہے کہ حکومت گرانا چھوٹا ایجنڈا ہے، اصلی مقصد نظام کو تبدیل کرنا ہے۔
طاہر القادری نے ان خیالات کا اظہار منہاج القران سیکریٹریٹ آمد کے موقع پر کیا جہاں ان کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس میں کوئی سیاسی جماعت اتفاق کرتی ہے،کوئی نہیں۔ اس حوالے سے کبھی بات چت نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 'شہداء' کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور وہ حکومت گرانے کے ایجنڈے پر کام نہیں کررہے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور ان کی جماعت کے اثاثوں کا ریکارڈ مرتب کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے الیکشن کمیشن سے ایک خط کے ذریعے ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی جماعت پاکستان عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس موجود ریکارڈ کے مطابق 2004 میں ڈاکٹر طاہر القادری کے اثاثوں کی مالیت 99 لاکھ روپے تھی جب کہ ان کے پاس 30 تولے سونا تھا تاہم وہ کسی بھی گاڑی کے مالک نہیں تھے۔
طاہرالقادری کے پاس 2004 میں 40 لاکھ روپے کا گھر اور 45 لاکھ روپے کے پلاٹس تھے جو کہ اب ان کے بیٹوں کے نام پر ہیں۔
طاہرالقادری کے بینک اکاؤنٹس میں 485 ڈالر، 500 پاونڈ اور 33 ہزار پاکستانی روپے تھے جب کہ ان کے بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں یا گاڑی نہیں تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے طاہرالقادری کی جماعت عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات بھی مرتب کرلی ہے۔
ریکارڈ کے مطابق 10-2009میں عوامی تحریک کے اثاثوں کی مالیت 3 لاکھ 38ہزار روپے تھی۔
عوامی تحریک کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ سالانہ اخراجات 2 لاکھ 857 روپے تھے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق طاہرالقادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کی تفصیلات منظوری کے بعد ایف آئی اے کے حوالے کردی جائیں گی۔
تبصرے (1) بند ہیں