ملک کو صنعتی انقلاب کی ضرورت ہے، احسن اقبال
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک کو ایک صنعتی انقلاب اور معاشی استحکام کے لیے لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔
پلاننگ کمیشن کے ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز (وائی ڈی ایف) کی جانب سے منعقدہ ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے ملک میں جمہوری سیاسی نظام کی مضبوطی اور استحکام کے ساتھ ساتھ ترقیاتی پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
احسن اقبال کے مطابق 'یہ ہمارے ملک کا ایک بڑا المییہ تھا کہ ہمارا سوشل سیکٹر بہتر اور میعاری افرادی قوت سے محروم تھا'۔
انھوں نے کہا کہ وائی ڈی ایف ، پلاننگ کمیشن کا ایک ایسا قدم تھا، جس کے ذریعے نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے حوالے سے نت نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کا موقع ملا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 'ہمیں مضبوط ٹانگوں کی ضرورت ہے اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ستاھ ساتھ معاشرے سے غربت اور نا انصافی کے خاتمے کے لیے بھی کام کرنا ہے'۔
احسن اقبال کے مطابق ملک میں 35 سالہ مارشل لاء کے دوران معاشرے کے سماجی طبقے کو بری طرح نظر انداز کیا گیا اور صحت، تعلیم اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کی مد میں بہت کم رقم خرچ کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت اس گیپ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اوراس نے صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ساڑھے بارہ ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔
احسن اقبال کے مطابق صحت کا شعبہ بھی انتہائی تباہی کا شکار تھا ،خصوصاً دیہی علاقوں میں پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی ایک بہت بڑا مسئلہ تھا۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ہیلتھ انشورنس اسکیم کا اعلان کیا ہے، تاکہ عام آدمی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔