طاہر القادری کے خلاف تحقیقات شروع
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی اے نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے طاہرالقادری کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف ائی اے نے الیکشن کمیشن کو ایک خط تحریر کیا ہے، جس میں عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں۔
خط میں الیکشن کمیشن سے طاہر القادری کی جماعت کا منشور، ان کی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی دستاویزات اور طاہر القادری کے کاغذاتِ نامزدگی کی نقول طلب کرلی ہیں۔
اپنے خط میں ایف ائی اے نے الیکشن کمیشن سے طاہر القادری کے خلاف تحقیقات میں تعاون کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب ماڈل ٹاون سانحے کی تحقیقات کےلیے قائم جوڈیشل کمیشن نے طاہر القادری کے صاحبزادوں کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری 23جون کو پاکستان پہنچے۔ اُن کے جہاز کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا، تاہم ان کے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔
جس پرعلامہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے ان کے طیارے کا رخ موڑ کر ایک اور دہشت گردی کی ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں پولیس اور پی اے ٹی کا کارکنان کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں عوامی تحریک کے کئی کارکن ہلاک اور زخمی بھی ہوئے تھے۔