• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم معطل

شائع June 23, 2014
فوٹو اے پی—۔
فوٹو اے پی—۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کا حکم نامہ معطل کردیا ہے۔

پیر کو جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے پرویز مشرف کے ملک سے باہر جانے پر دوبارہ پابندی عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت چار ہفتوں تک ملتوی کردی ہے۔

اس سے قبل 18 جون کوچیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف حکومتی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے معاملہ رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھجوا دیا تھا۔

اس سے قبل رواں مہینے بارہ جون کو سندھ ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کا ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت کا کہنا ہے کہ مخالف فریقین پندرہ روز میں سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں، جبکہ پرویز مشرف آئندہ پندرہ روز تک ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

اس کے دو روز کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے پانچ اپریل 2013 کو سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا، جس پر پرویز مشرف نے چھ مئی 2014 کو اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024