شیخ رشید کا ٹرین مارچ ملتوی
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کےصدر شیخ رشید احمد نے 20 جون کو ہونے والا ٹرین مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے با ت کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کے جنرل مینیجر نے انہیں خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ ٹرین مارچ کی حفاظت نہیں کرسکتے اس لئے انہوں نے ٹرین مارچ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شیخ رشید نے لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے جمہوریت کےبھیڑیے بے نقاب ہوچکے ہیں اور حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی۔
عوامی مسلم لیگ کےصدر نے کہا کہ ٹرین مارچ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عوامی مسلم لیگ طاہر القادری کا استقبال کرے گی اور ان کے استقبال کے لئے وہ خود ایئرپورٹ جائیں گے۔
یاد رہے کہ شیخ رشید نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لئے 20 جون کو لاہور تا کراچی ٹرین مارچ کا اعلان کررکھا تھا جسے سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا۔