چوہدری نثار کی انجیوگرافی۔ ہسپتال سے گھر منتقل
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی طبیعت بہتر ہونے کے بعد انہیں راولپنڈی کے اے ایف آئی سی اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا۔
ڈان نیوز ٹی وی نے وزیرداخلہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کل بروز جمعہ کی شام ان کے سینے میں تکلیف ہوئی تھی، جس کے بعد اُنہیں راولپنڈی کے عسکری ادارہ برائے امراض قلب میں منتقل کیا گیاتھا۔
ہسپتال میں ان کی انجیو گرافی کی گئی، ان کی انجیو گرافی کے فرائض اے ایف آئی سی کے کمانڈنٹ اظہر کیانی نے کی۔
بعد میں ڈاکٹرز نے ان کی حالت میں بہتری دیکھتے ہوئے انہیں گھر منتقل کردیا۔
جب وزارت داخلہ سے رابطہ کیا گیا تو اس کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا تھا۔
جبکہ وزیر داخلہ کے ڈائریکٹر سیکورٹی ایس پی ساجد کیانی اور ترجمان مجیب نے اس واقعہ سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔
اُدھر لندن سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی کی علالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔