الطاف حسین کو پاکستانی شناختی کارڈ، پاسپورٹ جاری
اسلام آباد: حکومت پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کو سمندر پار پاکستانیوں کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کو پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان کو الطاف حسین تک رسائی
برطانیہ نے پاکستان ہائی کمیشن کو متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین تک رسائی دے دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق برطانیہ میں موجود پاکستان کے قائم مقام کمشنر عمران مرزا الطاف حسین سے ملنے اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
اس سے قبل ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو الطاف حسین تک قونصلر رسائی دینے سے انکار کردیا تھا۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو دو روز قبل یعنی منگل کو برطانوی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا تھا۔
الطاف حسین کی گرفتار ی کے بعد پاکستان نے برطانیہ سے ایم کیو ایم کے قائد تک قونصلر رسائی کی درخواست کی تھی۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے خون کے ٹیسٹ کی رپورٹ آ گئی ہے، تاہم ان کا ابھی ایک ٹیسٹ ہونا باقی ہے جس کے بعد ڈاکٹر فیصلہ کریں گے کہ وہ انٹرویو دے سکتے ہیں یا نہیں۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ الطاف حسین سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں ، تاہم عوام ان پر کان نہ دھریں۔
ایم کیو ایم نے اپنے کارکنان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور اصل صورتحال کے لیے پارٹی کے مرکز سے رابطہ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں