جیو کے مارننگ شو پر شدید ردّعمل، پیمرا کا نوٹس
اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو انٹرٹینمنٹ نیٹ ورک کو اس کے مارننگ شو ’اٹھو جاگو پاکستان‘ میں قابل اعتراض مواد نشر کیے جانے پر ایک شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، اور اس چینل سے اس بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔
اس چینل نے یہ پروگرام بدھ کی صبح اور پھر دوبارہ رات کو نشر کیا تھا۔
پیمرا کے مطابق یہ شوکاز اس لیے جاری کیا گیا کہ اس چینل نے پیمرا رولز 2009ء کے شیڈول میں ٹی وی نیٹ ورکس کے لیے درج ضابطہ اخلاق کی اے، آئی اور پی شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
شق پی میں کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی بھی پروگرام جو نظریہ پاکستان اور اسلامی اقدار کے خلاف مواد پر مشتمل ہو، نشر نہیں کیا جاسکتا۔
پیمرا کے ایک ترجمان نے کہا کہ پیمرا کال سینٹر اور ویب سائٹس پر اس پروگرام کے خلاف پانچ ہزار سے زیادہ عوامی شکایتیں موصول ہوئی تھی۔
اسی دوران مذہبی تنظیموں اور ناظرین کی جانب سے اس پروگرام پر ایک تلخ ردعمل بھی سامنے آیا۔
سنی اتحاد کونسل (ایس آئی ایس) نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے ساتھ نیشنل پریس کلب میں جمعرات کے روز جذبات سے بھرپور پریس کانفرنس کی۔
کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ٹی وی چینل نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، اور انہوں نے اعلان کیا کہ سنی اتحاد کونسل کراچی میں اتوار کے روز ایک احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
اس حوالے سے جیو ٹی وی شائستہ لودھی کی جانب سے مانگی گئی معافی کو بار بار نشر کیا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر لوگوں سے معذرت خواہ ہیں، جس سے ان کے جذبات مجروح ہوئے۔
جبکہ جیو کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’اٹھو جاگو پاکستان‘ کے حوالے سے ایک انکوائری شروع کردی گئی ہے کہ بدھ کے شو میں یہ نادانستہ طور پر یہ غلطی کیونکر ہوئی۔