بلوچستان میں 5.1 شدت کا زلزلہ
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع سبی اور گردو نواح میں 5 اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس میں کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
محکمہ موسمیات کی اہلکار مہوش احمد نے عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ضلع سبی کے قریب 70 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان کے جنوبی علاقوں میں گزشتہ ہفتے بھی ایک زلزلہ آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005 کو پاکستان میں 7 اعشاریہ 6 شدت کا شدید زلزلہ آیا تھا جس میں 73 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 35 لاکھ سے زائد بے گھر ہو گئے تھے۔
گزشتہ سال ستمبر میں بلوچستان کے جنوب مغرب میں آنے والے 7 اعشاریہ 7 شدت کے زلزلے میں بھی 376 افراد ہلاک اور ایک لاکھ کے قریب بے گھر ہو گئے تھے۔