گجرات: تین 'ہم جنس پرستوں' کا قاتل گرفتار
گجرات: پولیس نے منگل کو تین مبینہ ہم جنس پرستوں کو قتل کرنے کے جرم میں ایک 'سیریل کلر' کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے اعجاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ ماہ قبل چک کمالا گاؤں میں ایک امام کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا جس کی تحقیقات جاری تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس معاملے کی تحقیقات فرقہ وارانہ زاویے سے کررہی تھی کیوں کہ مقتول کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا سے تھا۔
اس کے علاوہ فروری اور مئی کے مہینوں میں بھی اس طرح کے دو واقعات رونما ہوئے تھے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ تینوں وارداتوں میں مماثلت تھی کیوں کہ تمام افراد کے خاص حصوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد پولیس کو شک ہوا کہ یہ قتل ایک ہی شخص نے کیے ہوں گے۔ دوسری جانب چک کمالا کے رہائشی بائیس سالہ عبدالرحمان کو ان کے موبائل فون کے ذریعے قتل کی واردات کے بعد ٹریس کرلیا گیا۔
ملزم اپنے کزن کو ہلاک کرنے کے الزام میں جیل میں تھا تاہم اہل خانہ کے ساتھ مفاہمت کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
ملزم کو چند روز قبل ضلع گجرات کی عدالت کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ رحمان نے اپنی اعترافی بیان میں کہا کہ انہیں ہم جنس پرستوں سے نفرت ہے اور وہ ان کے ساتھ رشتہ قائم کرنے کے بعد قتل کردیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ملزمان پرورش کے دوران کئی مسائل کا سامنا کرتے ہیں اور اکثر غربت اور سماجی ناانصافی کا شکار ہوتے ہیں۔