ہنگو: فائرنگ سے دو اساتذہ ہلاک
ہنگو: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں آج منگل کی صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو اساتذہ ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایس ایچ او اسلم خان نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 کے قریب دو اساتذہ پر فائرنگ کردی۔ ہلاک ہونے والے اساتذہ کی شناخت شمین بادشاہ اور لیاقت علی خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ہنگو کے علاقے گل باغ میں ایک گورنمنٹ اسکول کے قریب پیش آیا۔
ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق کوہاٹ، جبکہ دوسرے کا ہنگو سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے واقعہ کے بعد حملہ آوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ مقتولین کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ ہنگو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہے جس کی سرحدیں ملک قبائلی علاقوں خصوصی اورگزئی ایجنسی سے ملتی ہیں، جہاں پر طالبان شدت پسندوں کا گڑھ ہے۔
پشاور سے لاشیں برآمد:
اسی دوران صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے دو لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق منگل کی صبح شہر کے علاقے حیات آباد سے دو لاشیں برآمد ہوئیں جن میں سے ایک لاش خاتون، جبکہ دوسری نوجوان کی تھی، جبکہ دونوں کو تشدد کرکے ہلاک کیا گیا۔
لاشوں کو پولیس نے تحویل میں لے کر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دی ہے۔ مقتولین کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
تبصرے (1) بند ہیں