'ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی گناہِ کبیرہ'
ریاض: سعودی عرب کے مفتیٔ اعظم عبدالعزیز الشیخ نے ٹریفک کےسگنلز کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف فتویٰ جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ان ڈرائیوروں کی یہ حرکت گناہ کبیرہ میں داخل ہے اور شرعی طور پر حرام ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق مفتی عبدالعزیز شیخ نے قرآن مجید کی ایک آیت جس میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ’جس نے ایک انسان کو قتل کیا ،اس نے گویا پوری انسانیت کو قتل کردیا اور جس نے ایک شخص کو بچایا،اس نے گویا پوری انسانیت کو بچا لیا‘، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی گناہ کبیرہ کے زُمرے میں آتی ہے۔
مفتی عبدالعزیز نے 2010ء میں بھی اسی قسم کا ایک فتویٰ جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کوئی شخص ٹریفک قوانین کی خلاف ور زی کرتا ہے اور اس کی اس حرکت کی وجہ سے کسی کی موت واقع ہوجاتی ہے تو وہ قتل عمد کا مجرم گردانا جائے گا۔
یہاں یہ بات واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک حادثات کی شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے روزنامہ گلف نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں اوسطاً روزانہ سترہ افراد ٹریفک کے حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔
سعودی محکمہ ٹریفک نے 2010ء میں جاری کردہ اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا دارالحکومت ریاض میں ٹریفک کے ایک تہائی حادثات ڈرائیوروں کی ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔