بنگلہ دیش میں طوفان سے 16 افراد ہلاک
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں طوفان سے کم از کم 16 افراد ہلاک اور ہزار سے زائد گھر تباہ ہو گئے۔
حکام کے مطابق اتوار کو رات گئے آنے والے طوفان کے باعث سینکڑوں دیہات زیر آب آ گئے جبکہ درخت اور بجلی کے کھمبے جڑ سے اکھڑنے کے ساتھ ساتھ ایک ٹرین بھی پٹڑی سے اتر گئی جس سے متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
متعلقہ اضلاع کے پولیس افسران کے مطابق سب سے زیادہ متاثر نٹروکونا کا علاقہ ہوا جہاں نو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ پڑوسی ضلع سونم گنج میں چھ اور ناؤ گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
ضلعی پولیس کے سربراہ رشیل میاح کے مطابق نٹروکونا میں ہلاک ہونے والے نو افراد میں ایک حاملہ خاتون اور ان کے تین بچے شامل ہیں۔
میاح نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ چاروں دیوار گرنے کے باعث ہلاک ہوئے جبکہ ضلع میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکومتی منتظم ابولکلام آزاد نے بتایا کہ طوفان سے مٹی اور ٹین کی چھتوں سے بنے ہزار سے زائد گھر زمین بوس ہو گئے۔
طوفان کے باعث ٹنگیل میں دریا کے اوپر سے گزرنے والی ٹرین سے پٹڑی سے اتر گئی۔
ریلوے افسر پنکج کمار شاہا نے کہا کہ طوفان اتنا شدید تھا کہ اس نے 500 مسافروں کی حامل ٹرین کو دور اٹھا پھینکا۔
بلبوئی شکھی کے نام سے مشہور طوفان بنگلہ دیش میں عام طور پر گرمیوں کے ابتدائی مہینوں میں ٹکراتا ہے اور جون کے آغاز میں مون سون بارشوں کے آغاز تک طوفان جاری رہتا ہے۔