مشرف کے گھر پر بم پروف دیوار کی تعمیر جاری
اسلام آباد: سابق فوجی حکمراں اور صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کے چک شہزاد فارم ہاؤس میں واقع مکان کے گرد بم حملے سے محفوظ رکھنے والی دیوار کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق آج صبح بم پروف کنکریٹ کے خاص بلاک اور بھاری مشینری کو ان کے فارم ہاؤس پہنچادیا گیا ہے۔
توقع ہے کہ دیوار کی تعمیر آج شام تک مکمل ہوجائے گی۔
پرویز مشرف کو اس سے قبل کئی دھمکیاں مل چکی ہیں اور پاکستان آمد کے بعد ان کے گھر کے قریب سے کئ مرتبہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
گزشتہ برس اپریل 2013 میں ان کے فارم ہاؤس کے باہر چھوڑی گئی ایک کار میں 45 کلوگرام بارودی مواد ملا تھا۔ یہ وا قعہ اس وقت پیش آیا تھا جب وہ مقدمے کیلئے انسدادِ دہشتگردی کی عدالت جارہے تھے۔
پھر 24 دسمبر کو ان کے راستے کے قریب پانچ کلوگرام وزنی دھماکہ خیز مواد، ہتھیار اور بارود وغیرہ برآمد ہوئے تھے اور اس وقت بھی وہ کورٹ جارہے تھے۔ اس کے بعد تیس دسمبر کو پولیس نے دوبارہ مشرف کے فارم ہاؤس سے بارود کے پیکٹ برآمد کئے تھے۔
پھر حال ہی میں 10 مارچ کو اسلام آباد پولیس چیف، چیف کمشنر اور وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا تھا کہ تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ کے دہشتگرد جنرل ریٹائرڈ مشرف کو نشانہ بناسکتے ہیں اور یہ بات ہوم سیکریٹری پنجاب کو موصول ایک خط کی بنا پر کہی گئی تھی۔
اسی لئے وزارتِ داخلہ نے سابق صدر کی فول پروف سیکیورٹی اور نگرانی کی درخواست کی تھی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار سانحے سے بچا جاسکے۔