مشرف غداری کیس کا فوج سے کوئی تعلق نہیں، احسن اقبال
لاہور: وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی، احسن اقبال نے ہفتے کو کہا ہے کہ سابق فوجی حکمران جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف فوج سے سبکدوش ہونے کے بعد ایک سیاستدان کی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہیں اور ان پر چلایا جانے والا غداری کے مقدمے کا فوج سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف کوئی قدم ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق احسن اقبال نے میڈیا نمائیندوں سے کہا کہ جو لوگ مشرف ٹرائل کو فوج سے وابستہ کررہے ہیں وہ ملک میں سیاسی بحران چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان باتوں کو ایک طرف رکھا جانا چاہئے کیونکہ اب یہ قانون اور انصاف کا سوال ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔
کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کے بارے میں کئے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے عسکری تنظیم سے بات چیت کی راہ اپنائی ہے تاکہ ملک میں امن قائم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے فوجی آپریشن کا آپشن موجود ہے لیکن بعد میں اسے رول بیک کرنا مشکل ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی اور اس سے معیشت بہتر ہورہی ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں