• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بحرین کے ساتھ تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں: وزیراعظم

شائع March 19, 2014
پاکستان اور بحرین نے تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے لیے چھ معاہدوں کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔ فوٹو— آئی این پی۔
پاکستان اور بحرین نے تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے لیے چھ معاہدوں کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔ فوٹو— آئی این پی۔

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ روز کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں، پاکستان سرمایہ کاری کا بہترین ماحول فراہم کرتا ہے اور بحرین کے سرمایہ کاروں کو بہتر منافع کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم توانائی، ڈاؤن سٹریم آئل انڈسٹری، پورٹ ڈویلپمنٹ، معدینات، انفراسٹرکچر، بینکاری اور مالیاتی شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بحرین پاکستان سے اعلٰی معیاری باسمتی چاول، حلال گوشت کی پراڈکٹس، پولٹری، ٹیکسٹائل، کپڑا، کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، قالینوں، ماربل اور کٹلری کی درآمدات میں اضافہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور خوراک کے شعبوں میں تعاون بھی باہمی طور پر مفید ہوگا۔

وزیراعظم نے باقاعدہ مشترکہ اجلاسوں کی ضرورت پر زور دیا جو دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کے جائزہ کے لیے ایک اچھا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خلیج تعاون کونسل، پاکستان فری ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے بحرین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں جنہوں نے بحرین کی ترقی اور پاکستان کی معیشت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کے پاس تربیت یافتہ افرادی قوت ہے جو بحرین کی معیشت کے مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔

اسی دوران پاکستان اور بحرین نے تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، زراعت اور ایوی ایشن کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے لیے چھ معاہدوں کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں دونوں ممالک کے متعلقہ وزراء نے ان معاہدوں پر دستخط کیے۔

تقریب میں وزیراعظم محمد نواز شریف اور بحرین کے شاہ شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے وفود نے بھی وزیراعظم محمد نواز شریف اور بحرین کے شاہ کی قیادت میں ملاقات کی۔

پاکستان کے وفد میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، معاون خصوصی طارق فاطمی، مشیر وزیراعظم برائے خارجہ سرتاج عزیز شامل تھے، جبکہ بحرین کے وفد میں نائب وزیراعظم شیخ محمد بن مبارک بن حماد الخلیفہ، ایوان نمائندگان کے چیئرمین خلیفہ بن احمد الاہراتی، شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح لفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ، شیخ حالد بن احمد بن سلمان الخلیفہ شامل تھے۔

بعدازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں بحرین کے شاہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک عشائیہ بھی دیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024