ممبئی: عمارت زمین بوس، دو ہلاکتیں
ممبئی: ممبئی کے مضافات میں جمعہ کے روز ایک سات منزلہ مخدوش رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد کا ملبے تلے دب جانے کا خدشہ ہے۔
ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے کمانڈر آلوک اوستی نے کہا کہ عمارت پہلے ہی غیر محفوظ تھی جو تباہ ہو کر کنکریٹ سلیب، اور ملبے کے ایک بہت بڑے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔
آواستی نے بتایا کہ اب تک دو لاشوں اور تین کو زندہ نکلا گیا ہے جنہیں معمولی زخم آئے ہیں۔
فائر فائٹرز اور ہنگامی صورتحال کے درجنوں کارکن مزید زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے کی امید میں ملبے میں کھدائی کر رہے تھے جبکہ دو ایمبولینس زخمیوں کو ہسپتال لے جانے کے لیئے تیار کھڑی ہیں۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن عمارت کو مخدوش قرار دے کر اس میں رہنے کو خطرناک قرار دے چکی تھی لیکن بعض خاندان غیر قانونی طور پر وہاں رہ رہے تھے۔
ہندوستان میں اکثر عمارت گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، بڑھتی معیشت کے حامل ملک میں تیزی سے بنائی جانے والی کئی منزلہ عمارتوں میں حفاظتی اقدامات اور معیار کا خیال نہیں رکھا جاتا جو جان لیوا حادثات کا باعث بنتی ہے۔