• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سنسنی خیز فتح

شائع March 5, 2014
ڈھاکا کے میدان پر آفریدی کے شاندار چھکوں نے شارجہ میں میاں دادا والا چھکا زندہ کردیا۔ اے ایف پی تصویر۔۔۔
ڈھاکا کے میدان پر آفریدی کے شاندار چھکوں نے شارجہ میں میاں دادا والا چھکا زندہ کردیا۔ اے ایف پی تصویر۔۔۔

ایشیا کپ کےاتوار کو ہونے والے میچ میں روایتی حریف ہندوستان کو شکست سے دوچار کرکے پاکستانی ٹیم نے قوم کو حوصلہ افزاپیغام دیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی مصباح الحق کی ٹیم فائنل میں اپنے لیے جگہ بناچکی۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے چھکوں نے نہ صرف ڈھاکا کے میدان پر پاکستانی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کرنے میں مدد دی بلکہ سن اُنیس ّسو نواسی میں، شارجہ کے میدان پر پاکستان کی مشہورِ زمانہ فتح میں، چیتن شرما کی آخری بال پر جاوید میاں داد کے یادگار چھکے کی یاد بھی تازہ کردی۔

شارجہ ہو یا ڈھاکا، نہایت حیرت ناک اتفاق کہ دونوں میدانوں پر ہندوستان سے جیت کا ہدف دو سو پینتالیس رنز ہی تھے۔

مقابلہ کانٹے کا تھا، آخری اووَر اور سامنے ہدف۔۔۔ تاہم انہوں نے بہت عمدہ کھیلا اور یکے بعد دیگرے، ان کے دو چھکوں سے پانسہ پلٹ گیا اور دو بال ابھی باقی تھیں کہ آفریدی کے چھکے، ہندوستان کے ہاتھوں سے فتح لے اڑے۔

پرانے حریفوں، پاکستان اور ہندوستان، دونوں نے ہی ایک دوسرے کے خلاف نسبتاً نوجوان ٹیم کو میدان میں اتارا ہے لیکن 'اولڈ از گولڈ' کا صدیوں پرانا محاورہ اس میچ میں آفریدی پر پورا اترا ہے۔ انہوں نے اپنے کپتانوں کے یقین کی تصدیق کردی کہ مشکل وقت میں آفریدی زیادہ اچھا کھیلتا ہے۔

ابھی چند روز پیشتر، دبئی میں منعقدہ انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں ہندوستان نے پاکستان کو نکال باہر کیا تھا، پاکستانی ٹیم نے بڑے پیار سے جونیئرز کی ہار کا بدلہ لے لیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ گذشتہ ایک دہائی سے زیادہ کے پُرتشدد حملوں اور دہشتگردی سے نڈھال پاکستانی قوم کو، ٹیم نے افسردہ لمحوں میں خوشیاں منانے کے کچھ لمحات فراہم کیے ہیں۔

حال ہی میں پاکستانی کرکٹ میں ہونے والے اتار چڑھاؤ جیسے دیگر بھی مسائل ہیں، جن پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے معاملات کھلاڑیوں کی توجہ کھیل پر مرکوز ہونے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

جس طرح گذشتہ روز کے اعصاب شکن میچ میں کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو پا کر کھیلا، اسی طرح انہیں اپنے اعصاب پر قابو رکھنا چاہیے۔

بلاشبہ اس شاندار فتح کو منانے کا حق تھا لیکن جس انداز سے فتح کا جشن منایا جاتا ہے، اسے بھی ذرا ذہن میں رکھیے۔ ہر جگہ فتح کے موقع پر آتشبازی کے ساتھ جشن مناتے ہیں لیکن اس کے بجائے یہاں، کرکٹ کے پرستار ہوائی فائرنگ کرتے ہیں اور وہ بھی اندھا دھند، یہ خطرناک طریقہ ہے، جسے روکنا چاہیے۔

فائنل میں پاکستان کامقابلہ سری لنکا سے ہوگا اور گرین شرٹس سنیچر کو ہونے والے فائنل میں اپنی پچھلی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے ضرور ایشیا کپ کے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

انگریزی میں پڑھیں

ڈان اخبار

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024