ڈرون حملے ماورائے عدالت قتل: یورپی پارلیمنٹ
یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے اراکین نے اپنے ووٹوں کے ذریعے امریکی ڈرون حملوں پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے اس کوغیرقانونی قتل قرار دیا، جس کی وجہ سے پاکستان اور یمن میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
یورپین پارلیمنٹ نے اننچاس کے مقابلے میں پانچ سو چونتیس ووٹوں کی اکثریت سے ایک قرارداد پاس کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک غیرقانونی ٹارگٹڈ کلنگ کانہ تو ارتکاب کریں اور نہ ہی دیگر کسی ریاست کی جانب سے ایسے قتل کو سہولت فراہم کریں۔ مزید یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام یورپی ریاستیں ایسے ماورائے عدالت قتل کی مخالف کریں اور ان پر پابندی عائد کریں۔
اس قرارداد کی منظوری کے بعد امریکی ڈرون پروگرام سے برطانیہ اور جرمنی جیسے ملکوں کی وابستگی اور اس سے چشم پوشی ظاہر ہوگئی ہے، اب ان پر دباؤ بڑھ جائے گا کہ یہ دونوں قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دے کر مزاحمت کرتے رہے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایک ریاست کی جانب سے کسی دوسری ریاست کی حدود میں اس کی رضامندی کے بغیر ڈرون حملے بین الاقومی قوانین اور اس ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کی رکن اور پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق کی سربراہ باربرا لوچ بیہلر نے اس موقع پر کہا : ’’یورپین پارلیمنٹ نے آج ڈرون کے فوجی استعمال اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکتوں کے سنگین مسئلے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔‘‘
گزشتہ ہفتے ایک فلاحی ادارے ریپریو نے عالمی کرمنل کورٹ میں ایک شکایت درج کرائی تھی کہ نیٹو کی رکن ریاستیں پاکستان میں حملوں کے لیے سہولتیں فراہم کرنے میں ملؤث ہیں۔
اس شکایت میں کریم خان کے کیس پر روشنی ڈالی گئی ہے، جو پاکستان کے شہری ہیں، اور 2009ء کے دوران پاکستان کے علاقے وزیرستان میں ڈرون حملوں سے ان کے بھائی اور بیٹے ہلاک ہوگئے تھے۔ کریم خان نے حالیہ دنوں میں برطانیہ، جرمنی اور ہالینڈ کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران اس علاقے میں ڈرون حملوں کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
کریم خان نے یورپی پارلیمنٹ میں ڈرون کے خلاف قرارداد کو حوصلہ افزا خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ یورپ ان لوگوں کی آواز سُن رہا ہے، جنہیں ڈرون حملوں سے نقصان پہنچا ہے۔
ریپریو کی لیگل ڈائریکٹر کیٹ کریگ نے کہا کہ ’’آج قرارداد کے حق میں ڈالے جانے والے ووٹ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کے ضمیر کی فتح کی نمائندگی کرتے ہیں، انہوں نے یورپی اقوام کی حکومتوں کو یہ واضح اشارہ دے دیا ہے کہ وہ سی آئی اے کے غیرقانونی پروگرام میں اپنی شرکت کی صفائی پیش کریں اور فوراً اس پر پابندی عائد کریں۔