طالبان کے حامی پاکستان کے غدار ہیں، الطاف حسین
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہماری غلط پالیسیوں کی وجہ سے طالبان بنے جو آج پاکستانی آئین کیخلاف ہیں۔
پاکستانی فوج اور سیکیورٹی فورسز کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ طالبان روس سے جنگ کےلیےبنائےگئے تھے اور پاکستان دوسروں کے مقاصد کیلئے استعمال ہوتا رہا۔ انہوں نےکہا کہ طالبان کے حامی پاکستان کے غدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حملے کرکے کونسا اسلام پھیلارہے ہیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ 23 ایف سی اہلکاروں کا قتل انتہائی ظالمانہ اور سفاک عمل ہے۔ طالبان کے حامی منافق ہیں اور وہ پاکستان کے دوست نہیں۔
الطاف حسین نے طالبان کو پاکستان اور انسانیت کیلئے کینسر قرار دیا۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان کی سلامتی خطرے میں ہےاور اختلافی باتوں کو چھوڑ کر ہمیں ایک نقطے پر جمع ہوجانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اظہارِ یکجہتی میں صرف پاک فوج نہیں بلکہ رینجرزاورپولیس بھی شامل ہے۔ انہوں نے مسلح افواج سے کہا کہ مسلح افواج آپ قدم آگے بڑھائیں ، ایک ایک پاکستانی آپ کے ساتھ ہے اور ملکی سلامتی کیلئے آج عوام ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کے زیرِ اہتمام پاکستانی فوج کی اہمیت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی ہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور دہشتگردی کیخلاف قرارداد بھی پیش کی گئی ہے۔
شاہراہ قائدین سے شروع ہونے والی یہ ریلی ایک بڑے جلسے میں بدل گئی جس میں دیگر مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ عوام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لئے اُٹھ کھڑی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی عوام اپنے اپنے علاقوں میں پاکستانی فوج کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔
ایم کیوایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتےہوئےکہاکہ دہشتگردہمارے گھروں تک پہنچ گئے ہیں اب سوچنے کا وقت آگیا ہے اور فیصلے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جو آواز بلند ہوئی ہے وہ اب دبنے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پولیس ، رینجرز ، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نفرت کا بیج 1980 کی دہائی میں بویا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما پہلے ہی خطرات سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو سلام پیش کرتےہیں۔
دہشتگردی کیخلاف قرارداد
اس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے ایک قرار داد پیش کی ۔ اس دوران حیدر عباس رضوی نے کہا کہ پاکستان اور طالبان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ قرار داد میں مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات پر بم دھماکوں کی مذمت کی گئی۔
حیدر عباس رضوی نے قرار داد کے دوران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ دہشتگردی کو غیر اسلامی قرار دیا گیا ۔