بولی وڈ ہیروئنز کی مصروفیات
بولی وڈ کی ہر دل عزیز اور کامیاب اداکار دپیکا پڈوکون نے ہدایت کار پرکاش جھا کی فلم 'آراکشن' میں سپر اسٹار امیتابھ بچن کی بیٹی کا کر دار ادا کیا تھا اور اب وہ ایک بار پھر امیتابھ بچن کی بیٹی بننے کیلئے تیار ہیں۔
فلم 'پیکو' کیلئے دپیکا کو امیتابھ بچن کی بیٹی کیلئے منتخب کیا جا رہا ہے اور وہ بھی اس فلم کے اسکرپٹ کو پڑھنے کے بعد اپنے کر دار سے خوش ہیں۔
اس فلم کے ہدایت کار سوجیت سرکار نے امیتابھ بچن اور عرفان خان کے ناموں کے ساتھ اس خبر کی تصدیق کر دی ہے جبکہ دپیکا کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے۔
باپ اور بیٹی کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی اس فلم کے اسکرپٹ سے دپیکا کافی مطمئن ہیں اور ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا حتمی فیصلہ ہاں ہی ہوگا۔
کئی ہیروئنز کو فلم میں کام کرنے کے لئے اتنی فیس نہیں ملتی جتنی سوناکشی سنہا کو ایک آئٹم نمبر کے لئے مل رہی ہے، صرف ایک آئٹم سانگ کے لئے دبنگ گرل ڈھائی کروڑ روپے لے رہی ہیں۔
اس گانے کو ریمو ڈیسوزا کوریو گراف کر رہے ہیں جس میں سوناکشی نے جو کپڑے پہنے ہیں ان کی قیمت 57 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے اور اس گانے کی موسیقی ساجد واجد نے تیار کی ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ سوناکشی پہلی بار اتنی بڑی رقم لے کر آئٹم نمبر کر رہی ہیں اس سے پہلے بھی وہ ایک آئٹم نمبر کے لئے دو کروڑ روپے لے چکی ہیں۔
فلم ساز بونی کپور نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ سوناکشی کا یہ گانا اب تک کا سب سے بہترین آئٹم نمبر ثابت ہوگا، یہی نہیں وہ جس لائیو کنسرٹ میں بھی اس گانے پر ڈانس کریں گی وہاں دھوم مچ جائے گی۔
بولی وڈ اداکار شلپا شیٹھی چھ سال کے طویل عرصے بعد فلم 'ڈھشکیاؤں' کے آئٹم نمبر کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی ہیں۔
ڈائریکٹر صنم جیت کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کی کاسٹ میں ہرمن بویجا، سنی دیول، ادتیہ پنچولی اور عائشہ کھنہ شامل ہیں جسے 28 مارچ کو ریلیز کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شلپا نے بطور اداکار فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا اور 2009 میں کروڑ پتی تاجر راج کندرا سے شادی کرلی تھی۔
ان کا کہنا تھا شادی کے بعد گھرداری بذات خود ایک فل ٹائم جاب ہے اس لئے اب گھرداری اور بزنس ان کی ترجیح ہوگی، مگر اب اداکار نے آئٹم سانگ کے ذریعے اپنی واپسی کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
بولی وڈ مووی ایجنٹ ونود اور قربان میں جاسوس خاتون بن کر خود کو منوانے والی اداکار کرینہ کپور خان کو ایک بار پھر ایجنٹ بننے کی آفر ہوئی ہے۔
سرداری بیگم اور زبیدہ جیسی شاندار فلمیں بنانے والے ہدایت کار شم بینیگل اب حقیقی کردار پر فلم بنانے جارہے ہیں۔
فلم دوسری جنگ عظیم کی جاسوس خاتون نور عنایت خان پر بنائی جائے گی جس کے لئے ہدایت کار کا ماننا ہے کہ اس روپ میں بے بو سے زیادہ بہترین اور ڈوب کر اداکاری کسی اور کے بس کی بات نہیں۔
فلم کی شوٹنگ پیرس، جرمنی اور برطانیہ میں ہوگی، اب دیکھنا یہ ہے کہ قربان اور ایجنٹ ونود میں ایسا ہی کردار ادا کرنے کے بعد اس فلم کیلئے کرینہ ہاں کرتی ہیں یا کسی مجبوری کا بہانہ بنا کر انکار کر دیتی ہیں۔