افغان سیکیورٹی اہلکار کی فائرنگ، دو امریکی فوجی ہلاک
واشنگٹن: امریکی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بدھ کو افغانستان کے مشرق میں ہوئے ایک حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق حملہ آور افغان سیکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس تھا۔
امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں اس حملے کے بارے میں عوامی سطح پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، جس میں افغان فوجی نے اپنے ہی اتحادیوں پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ان 'اندرونی حملوں' میں نمایاں طور پر کمی آئی ہے۔
2012ء میں اس طرح کے بڑھتے ہوئے مسائل میں بھی امریکی اور اتحادی فوجی اپنے افغان شراکت داروں کے ساتھ زیادہ مؤثر جنگ اور تربیت حاصل کرتے رہے اور تعلقات میں یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب افغان فورسز نے جنگی آپریشن کی خود قیادت شروع کی۔
اس صورتحال میں وہاں موجود امریکی اور اتحادی فورسز کی پوزیشن ایک مشیر کے طور پر دکھائی دے رہی ہے۔
بدھ کے روز پیش آنے والے اس تازہ واقعہ کی ابھی تک زیادہ معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
دو عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کابل کے شمال میں واقع صوبہ کاپیسا میں پیش آیا۔
بین الاقوامی اتحاد نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ عالمی اتحادی فورسز کے دو اہلکاروں کو دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، جنہوں نے افغان فورسز کی وردی پہنی ہوئی تھی، لیکن ابھی تک ان کی قومیتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔