خانیوال: پولیس مقابلے میں دہشت گرد ہلاک، دو اہلکار زخمی
خانیوال: پاکستان صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر خانیوال سے تقریباً 35 کلومیٹر دور واقعہ میاں چنوں کے علاقوں میں گزشتہ روز جمعہ کو پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ شخص ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے دو اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق خانیوال کے تھانہ چھپ کلاں کی حدود میں حساس ادارے کے اہلکاروں نے ہائی ایس میں سوار مشتبہ افراد کے نہ رکنے پر تعاقب کیا جس پر ملزمان نے دستی بموں سے حملہ کرکے فائرنگ کی۔
حملے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورئی ایجنسیوں کے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا عمل شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو بعد میں لاہور میں واقع ہسپتال منتقل کردیا گیا۔