سندھ کلچرل فیسٹول سے موہن جو دڑو کو نقصان پہنچے گا، ماروی میمن
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے کہا ہے کہ سندھ کلچرل فیسٹول میں موہن جو دڑو کی جگہ تبدیل کی جائے ورنہ آثار قدیمہ کو نقصان پہنچے گا۔
جمعے کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے موہنجو دڑو کے مقام پر سندھ ثقافتی کلچر شو کرنے کے لئے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم اس کا سٹیج آثار قدیمہ کے درمیان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موہنجو داڑو کلچرل فیسٹیول کی جگہ تبدیل کی جائے ورنہ آثار قدیمہ کو نقصان پہنچے گا۔
نذیر احمد بوگھیو نے کہا کہ وہ اس علاقے سے رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج لکڑی کا ہے‘ آثار قدیمہ کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ اصل مقام سے دور سٹیج بنایا گیا ہےاور آثارِ قدیمہ کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
اسمبلی میں کارروائی کے دوران انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2013ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ اور انسداد دہشت گردی (ترمیمی) آرڈیننس بل 2013ء پر کمیٹی کی دوسری رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی گئی۔
نئی حج پالیسی
قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حج پالیسی 2014ء میں حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حج 2014ء کی پالیسی بن رہی ہے، اس میں تمام سہولتوں کو مدنظر رکھا جائے گا، حج پیکج میں رہائش گاہ کے اخراجات‘ ہوائی جہاز کا کرایہ‘ لازمی حج اخراجات‘ سروس چارجز شامل ہیں۔
ایک ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حج 2014ء کے دوران کرائے کم سے کم کرنے کے لئے پی آئی اے سے رابطہ کریں گے۔