رینٹل پاور کیس: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر فردِ جرم عائد
اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آج جمعے کے روز رینٹل پاور کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی۔
تاہم ملزم نے فرمِ جرم کی صحت سے انکار کردیا۔
سماعت کے موقع پر راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ رینٹل پاور کیس میں راجہ پرویز اشرف پر 3 الزامات ہیں اور فرد جرم میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رینٹل پاور کیس میں ان پر جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ سب بے بنیاد اور جھوٹے ہیں، بغیر تحقیق اور بغیر ثبوت کے مجھ پر 22 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات کی بوچھاڑ کر کے میڈیا ٹرائل کیا جاتا رہا جو انتہائی افسوسناک ہے۔
کیس کے اگلی سماعت اب چار فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔