ڈان ڈاٹ کام کے ایڈیٹر مصدق سانول انتقال کرگئے
کراچی: ایک سال تک کینسر سے لڑنے کے بعد ڈان ۔ کام کے ایڈیٹر مصدق سانول جمعہ کی صبح انتقال کر گئے۔
انیس سو باسٹھ میں پیدا ہونے والے سانول کو اپنی صحافت، فن سے محبت اور ساتھیوں سے والہانہ لگاؤ کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے اسی کی دہائی میں نیشنل کالج آف آرٹ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد موسیقی کی تربیت بھی حاصل کی وہ وقتاً فوقتاً اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہتے تھے۔
اسی کی دہائی کے آخری سالوں میں وہ کراچی منتقل ہو گئے اور کئی سالوں تک نامور مصنف محمد حنیف کے ساتھ رہنے کے بعد دونوں بی بی سی میں کام کرنے کے لیے لندن چلے گئے۔
گزشتہ دہائی کے وسط میں وہ ڈان اخبار کے ایڈیٹر عباس ناصر کے ہمراہ پاکستان لوٹ آئے۔
تقریبا ایک سال پہلے ان میں پھیپڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ کئی مہینوں تک زیر علاج رہنے کے بعد مصدق سانول جمعہ کو انتقال کر گئے۔
ان کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کے جسد خاکی کو تدفین کے لیے آبائی شہر ملتان لے جایا گیا۔
انہوں نے پسمندگان میں بیوی اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔
تبصرے (6) بند ہیں