رونالڈو سال کے بہترین فٹ بال کھلاڑی قرار
زیورخ: کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے جس کے بعد لیونل میسی کی اس انعام پر چار سالہ حکومت کا اختتام ہوگیا۔
رونالڈو نے گزشتہ سال پرتگال اور ریال میڈرڈ کے لیے 69 گول اسکور کیے تھے جس میں ورلڈ کپ پلے آفس میں سوئیڈن کے خلاف ان کی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔
اشک بار آنکھوں کے ساتھ رونالڈو کا اس موقع پر کہنا تھا 'اس لمحہ کو بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔'
انعام کی دوڑ میں میسی کے علاوہ فرانسیسی کھلاڑی فرینک ریبری بھی شامل تھے جنہوں نے بائرن میونخ کو اہم فتوحات سے ہمکنار کروایا۔
ووٹنگ میں قومی ٹیموں کے کپتان اور کوچز کے علاوہ فیفا کے 209 ممبر ممالک کے منتخب کردہ صحافی شامل بھی تھے۔
اس کے علاوہ دیگر ایوارڈز میں جرمنی کی حکمرانی رہی۔ گول کیپر ندین اینگرر کو خواتین فٹ بال کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بائرن میونخ کے کوچ جوپ ہینکیز کو بہترین کوچ کے انعام سے نوازا گیا۔