'اگر لوگوں کو میری ٹوئٹس ہلا کر رکھ دیتی ہیں تو ۔۔۔'
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر لوگوں کی ان کی ٹوئٹس حیران و پریشان کر دیتی ہیں تو لوگ دیکھیں گے کہ 'میں پارلمنٹ سے کیا کچھ کر سکتا ہوں'۔
کبھی کبھی عوام کے سامنے شعلہ بیاں تقریریں کرنے کے علاوہ بلاول سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس کی وجہ سے اکثر خبروں میں نمایاں رہتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے پر کچھ ایسی ہی متنازعہ ریمارکس دیے۔
جمعرات کو مشرف کی راولپنڈی کے آمرڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منتقلی پر بلاول نے طنزیہ انداز میں ٹوئیٹ کیا تھا 'مجھے یقین نہیں آ رہا کہ اس بزدل نے کبھی ہماری بہادر اور جوان مرد مسلح فوج کی وردی بھی پہنی تھی'۔
ان کا مزید کہنا تھا: تمام طبی بہانوں کی ڈاکٹروں کے ایک خود مختار بورڈ سے تصدیق کرانا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ پی پی پی چیئرمین ماضی میں مشرف کو اپنی والدہ اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار بھی ٹھرا چکے ہیں۔
گزشتہ سال مئی میں بلاول نے مشرف کو اپنی والدہ کے لیے خراب سیکورٹی فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سابق فوجی آمر نے ان کی والدہ کا 'قتل' کیا ہے۔