لندن: تھیٹر کی چھت گرنے سے 75 سے زائد افراد زخمی
لندن : برطاینہ کے دارالحکومت لندن میں جمعرات کی رات اپو لو تھیٹر کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے حکام کے مطابق 75 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والوں میں سے سات کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
یہ واقعہ لندن کے مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجکر پندرہ منٹ پر پیش آیا جب تھیٹر میں ایک شو جاری تھا۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت تھیٹر کی عمارت میں 700 سے بھی زائد افراد موجود تھے۔
لندن میں میڈیکل سروسز کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد تھیٹر کی عمارت کے ملبے میں بھسے افراد کو نکالا جاچکا ہے۔
پولیس نے ابھی تک حادثے کی وجہ نہیں بتائی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تفتیش کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ آیا کن وجوہات کی بنا پر یہ حادثہ پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد تھیٹر میں دھول پھیل گئی اور لوگوں باہر کی جانب آنے لگے جن میں سے کچھ افراد شدید زخمی تھے۔
تھیٹر کی عمارت سے باہر نکل جانے والے افراد میں سے کچھ نے بتایا کہ حادثے سے قبل کڑ کڑانے کی آوازیں سنائی دیں جسے حاضرین نے پروگرام کا حصہ سمجھا اور چھت گرنے کے بعد تھیٹر میں اندھیرا چھا گیا۔
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں حادثے کے بارے میں باقاعدگی سے اطلاعات مل رہی ہیں۔
اُنہوں نے زخمیوں کی فوری مدد کرنے پر امدادی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
اپولو تھیٹر لندن کے علاقے شافٹسبری ایونیو میں واقع ہے جہاں پر حادثے کے بعد امدادی کام جاری ہے۔
ادھر لندن کے میئر بورس جانسن کے ترجمان کے مطابق انہوں نے میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر کو سے حادثے سے متعلق بتایا ہے اور حکام ایک دورسرے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔