شمالی وزیرستان: سیکورٹی چوکی پر خود کش حملہ، پانچ اہلکار ہلاک
پشاور: شمالی وزیرستان ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پرخود کش حملے میں کم از کم پانچ سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سیکورٹی فورسز کی کھجوری چیک پوسٹ پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھرا ٹرک ٹکرا دیا گاڑی ٹکرائی جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور چوکی تباہ ہو گئی۔
آفیشل ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کم از کم پانچ سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
واقعے کے بعد جائے وقوعہ کو سیکورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
طالبان سے منسلک دہشت گرد گروپ انصار المجاہدین نے اس حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔
انصار المجاہدین کے ترجمان ابو بصیر نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ حملہ تحریک طالبان پاکستان کے سابق سربراہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بدلے کے طور پر کیا ہے۔
حکیم اللہ محسود یکم نومبر کو امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
بصیر نے کہا کہ وہ امریکا نواز حکومت اور سیکورٹی فورسز پر حملے جاری رکھیں گے۔
یہ گروپ اس سے قبل پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکوں سمیت متعدد سیکورٹی چوکیوں پر کیے گئے حملے میں بھی ملوث رہا ہے۔
پاراچنار میں جولائی میں کیے گئے دو بم دھماکوں میں کم از کم 57 افراد ہلاک اور 180 زخمی ہو گئے تھے۔
تبصرے (1) بند ہیں