شارجہ ٹی ٹوئنٹی: افغانستان سے سخت مقابلے کے بعد پاکستان کی جیت
شارجہ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان گزشتہ روز کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیر مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکت دے دی۔
میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب پاکستان کو جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا اور یوں افغان بولر کی وائٹ بال سے پاکستان نے یہ میچ اپنے نام کیا۔
افغانستان نے پاکستان کو 138 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی بنا پر میچ سنسنی خیز ہوگیا۔
پاکستان نے ایک سو اڑتیس رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستانی بلے بازوں میں شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننچاس رنز بنائے۔
احمد شہزاد پینتیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ دیگر آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں شرجیل خان اٹھارہ، عمر اکمل اٹھائیس اور صہیب مقصود صرف پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ محمد حفیظ بیالیس اور شاہد خان آفریدی ایک رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کو آخری انیسویں اوور میں چھ رنز بنانا تھے جو حفیظ اور آفریدی کے لیے مشکل کا سبب بن گئے اور یوں افغان باؤلر کی وائٹ بال سے پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل جب میچ کا آغاز ہوا تو افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ پانچویں اوور میں افغانستان کے دونوں اوپنرز آؤٹ ہوکر پویلین کو لوٹے اور یوں افغانستان کی شروعات کچھ بہتر نہ ہوسکی۔
افغانستان کے لیفٹ ہینڈر بلے باز نجیب اللہ زدران نے تیس گیندوں پر اڑتیس رنز بنائے جس میں تین چوکے اور عمدہ ٹائمنگ کے ساتھ لگائے جانے والے دو چھکے بھی شامل تھے، جبکہ وہ پاکستانی بالر جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
دوسری جانب میرواعظ اشرف نے 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے انہوں نے دو باؤنڈریز اور ایک چھکا لگایا۔
اصغر تانیکزئی نے بیس گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے پندرہ رنز بنائے جبکہ سمیع اللہ شہنواری نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے دس گیندوں پر سولہ رنز بنائے۔
جنید خان نے چوبیس رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ کیے اور سہیل تنویر نے گیارہ رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔
پاکستانی ٹیم میں احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، عمر امین، عمر اکمل، شاہد آفریدی، بلاول بھٹی، سہیل تنویر، جنید خان اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔
افغانستان کی ٹیم کے کپتان محمد نبی ہیں اور اس کے علاوہ محمد شہزاد، نوروز منگل، اصغر، حامد حسن، سمیع اللہ شنواری، دولت زدرن گلبدین نائب اور دیگر شامل ہیں۔