بنوں میں پولیس اسپیشل برانچ کے دفتر پر حملہ

پشاور: بنوں میں عسکریت پسندوں نے پولیس کی اسپیشل برانچ کے دفتر پر دستی بموں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ پیر کی صبح پانچ عسکریت پسندوں نے دستی بم اور بھاری اسلحہ کے ساتھ اولڈ پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا اور کچھ اہلکاروں کا یرغمال بنالیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعد پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ چلا۔
اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران چار عسکریت پسند ہلاک اور ایک گرفتار کرلیا گیا۔
اس جگہ سے ایک خودکش جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔
البتہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
طالبان کے ترجمان احسن اللہ احسن نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کو فون پر بتایا کہ کہ وہ جنگجو ہیں اور لڑ رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہاں دو خودکش حملہ آور بھی موجود ہیں۔